دیوبند31/اکتوبر (ایس او نیوز) اترپردیش کے ضلع دیوبند اور پاس پڑوس کے اضلاع سہارنپور اور مظفر نگر کے علاقوں میں مشتبہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے پیش نظر محکمہ پولس نے علاقوں کے سبھی لوگوں کے پاسپورٹوں کی پھر سے جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ریاست کے محکمہ داخلہ کو دیوبند اور اطراف کے کچھ لوگوں کے دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات ہونے کی اطلاع ملی ہے اور ان کے ساتھ بنگلہ دیش کے مشتبہ باشندوں کے بے حد فعال ہونے کا اندیشہ ہے، جس کو دیکھتے ہوئے ہزاروں لوگوں کے پاسپورٹوں کی پھر سے جانچ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سہارنپور پولیس دیوبند کے گھروں کے ہر پاسپورٹ ہولڈروں کی ایک بار پھر سے جانچ کرے گی۔ سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ بی کمار نے ایل آئی یو اور مقامی پولس کو دیوبند اور اس کے آس پاس کے علاقے کے سبھی پاسپورٹ کی جانچ پھر سے کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں بنگلہ دیش کے کچھ مشتبہ دہشت گردوں کو اے ٹی ایس کی ٹیم نے دیوبند اور اس کے آس پاس سے گرفتار کیا تھا۔ ان کے پاس سے کئی فرضی پاسپورٹ اور دوسری دستاویزات ملی تھیں جن کے پیش نظر یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔